اسلام آباد (ڈیلی اردو) اسلامی نظریاتی کونسل نے حج سبسڈی کو جائز قرار دے دیا۔ چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز کا کہنا ہے کہ سبسڈی سرکاری و نجی دونوں سکیموں کے حاجیوں کو دی جائے۔ ریاست مدینہ کے خدو خال کے لئے چار رکنی ورکنگ گروپ بھی تشکیل دیدیا گیا۔
اسلامی نظریاتی کونسل کے دو روزہ اجلاس کے بعد چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ وزارت مذہبی امور کے استفسار پر حج سبسڈی کو کونسل نے جائز قرار دیا ہے، تاہم سفارش کی ہے کہ سبسڈی سرکاری و نجی سکیموں پر یکساں دی جائے اور زکوٰۃ کا پیسہ استعمال نہ کیا جائے۔
ریاست مدینہ کے حتمی خدوخال کے لئے 4 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔ کمیٹی ڈاکٹر فرخندہ ضیاء، علامہ عارف واحدی، خورشید ندیم اور ڈاکٹر انور پرمشتمل ہوگی۔ کمیٹی ڈرافٹ تیار کر کے اسلامی نظریاتی کونسل کو بھجوائے گی، جس کے بعد سفارشات وفاقی حکومت کو ارسال کی جائیں گی۔
طلاق ثلاثہ کے حوالے سے چیئرمین کونسل کا کہنا تھا کہ کونسل ایک وقت میں تین طلاقوں کو قابل تعزیر جرم قرار دینے کی سفارش کرچکی ہے۔ مگر فقہ حنفیہ کے نزدیک طلاق واقع ہو جائے گی۔ قبلہ ایاز نے پنجاب چیرٹیز ایکٹ کی متعدد شقیں غیر قانونی قرار دیتے ہوئے جسٹس منظور گیلانی کی سربراہی میں سفارشات کے لئے کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔