تہران (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) ایران کی مسلح افواج کے معاون برائے آپریشنز امور مہدی ربانی نے کہا ہے کہ تہران اپنے میزائلوں کے مار کرنے کی صلاحیت میں مسلسل اضافے کے لیے کوشاں ہے۔ ہم روزانہ کی بنیاد پر میزائلوں کی رینج بڑھا رہے ہیں۔
خیال رہے کہ ایرانی عہدیدار کی طرف سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دوسری جانب خطے میں ایران اور امریکا ایک دوسرے کے سامنے حالت جنگ میں کھڑے ہیں۔
امریکا ایران پر بیلسٹک میزائلوں کی تیاری کے ذریعے سلامتی کونسل کی قرار داد 2231 کی خلاف ورزی کا الزام عاید کرتا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق میجر جنرل ربانی نے شام میں مقدس مقامات کے دفاع میں شہید ہونے والے الفاطمیون بریگیڈ کے مجاہدین کی یاد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب میں کیا۔
جنرل ربانی نے کہا کہ ہماری میزائل صلاحیت کا علاقائی اور عالمی خلاف ورزیوں کی روک تھام میں اہم کردار ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم مسلسل اپنے میزائلوں کی رینج میں اضافے کی کوشش کررہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایرانی میزائلوں کی پیچیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے۔
ایران کے سرکاری ٹی وی چینل پر بھی میزائل کارروائیاں دکھائی گئی ہیں۔ شام میں ‘داعش’ کے ٹھکانوں پر داغے گئے ایرانی میزائل امریکی فوجی اڈوں کے اوپر سے گذر کر جاتے رہے ہیں۔