واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکا نے واشنگٹن سمیت ملک بھر میں پاکستانی سفارتکاروں اور سفارتی اہلکاروں کی نقل و حرکت پر عائد پابندی اٹھالی۔
سفارتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے مثبت اثرات سامنے آنے لگے، پاک امریکا سفارتی تعلقات میں بہتری اور اعتماد کی فضا بڑھنے پر امریکا نے پاکستانی سفارتکاروں کی نقل و حرکت پر لگی پابندی کو ختم کردیا ہے۔
امریکی حکومتی حکام نے باضابطہ طور پر دفترخارجہ اور واشنگٹن میں پاکستانی سفارتی حکام کو پابندی ختم کرنے کے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکا نے گزشتہ سال پاکستانی سفارتی عملے کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کردی تھی اور اس پابندی کی وجہ سے واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے اور امریکا میں چاروں قونصل خانوں کے اہلکاروں کو 25 میل کی حدود میں رہنے ہدایت کی تھی، حدود سے باہر جانے کے لیے امریکی وزارت خارخہ سے 5 دن پہلے اجازت لینے کے احکامات دیے گئے تھے۔