مسئلہ کشمیر کا حل صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کیا جائے: سعودی وزارت خارجہ

ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’’ایس پی اے‘‘ نے ریاض میں سعودی دفترِ خارجہ کے ایک عہدیدار کا بیان جاری کیا ہے جس میں آرٹیکل 370 کو جموں و کشمیر کے لیے خودمختاری کی ضمانت قرار دیا گیا ہے۔

’’سعودی عرب جموں و کشمیر کے موجووہ حالات پر نظر رکھے ہوئے ہے، جس کی وجہ بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 کی منسوخی ہے۔ آرٹیکل 370 جموں و کشمیر کےلیے خودمختاری کی ضمانت ہے،‘‘ بیان میں واضح کیا گیا۔

سعودی عرب نے اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں امن و استحکام کی حفاظت اور کشمیریوں کے مفادات کا تحفظ کیا جائے۔ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سعودی حکومت نے زور دیا ہے کہ تنازع کشمیر کا پر امن حل بین الاقوامی قراردادوں کی روشنی میں نکالا جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد، نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا تھا اور انہیں کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں