اسلام آباد (ڈیلی اردو) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت نے جنگ مسلط کی تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ پاکستان کشمیر پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
اسلام آباد میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مودی سرکار ہٹلر جیسی سوچ رکھتی ہے۔ ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن اگر مسلط کی گئی تو منہ توڑ جواب دیں گے۔ بھارتی سرکار نسل پرستوں کا ٹولہ ہے، یہ ٹولہ بھارت میں صرف ہندوﺅں کو دیکھنا چاہتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ مودی بھارت پلوامہ جیسی دہشتگردی خود کروا کر پاکستان پر الزام لگائے گا۔ بھارت کشمیریوں کا قتل عام کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے نریندرمودی سے ہمیشہ امن کی بات کی۔ پاکستان کشمیر کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاک بھارت سرحدوں پر صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔ عالمی رائے عامہ سفارتی طریقے سے بدلنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کشمیر کے معاملے میں ثالثی کیلئے سنجیدہ ہیں۔ افغانستان میں پائیدار امن کیلئے مثبت کردار جاری رکھیں گے۔ پاکستان کی سلامتی کیلئے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔