مقبوضہ کشمیر میں میڈیا پر مودی سرکار کی بدترین پابندیاں عائد

نئی دہلی (ویب ڈیسک) مودی سرکار کی پابندیوں کے باعث 4 روز سے مقبوضہ کشمیر میں اخبار تک شائع نہیں ہوئے۔

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر الجزیرہ ٹی وی کو صحافیوں نے بتایا کہ کشمیریوں کو قتل کیا جارہا ہے یا انہیں حراست میں لیا جا رہا ہے، وہ اس حوالے سے بالکل بے خبر ہیں۔

صحافیوں کے مطابق انہیں مقبوضہ کشمیر میں کوریج کی اجازت نہیں، جگہ جگہ تعینات بھارتی فوجی ان سے دشمنوں جیسا برتاؤ کررہے ہیں۔

انٹرنیٹ کی بندش کے باعث بیرونی اداروں کےلیے کام کرنے والے صحافیوں نے اپنی رپورٹس اور تصاویر یو ایس بی کے ذریعے بھجوائیں۔

نئی دلی پہنچنے میں کامیاب ایک صحافی جلیل کے مطابق بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے دفتر میں پولیس بیٹھی ہوئی ہے اور صحافی 2 دن سے دفتر کے کوریڈور میں محصور ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں احتجاج اور 2 کشمیریوں کی شہادت کی خبر ملی، لیکن تصدیق کرنا مشکل ہے۔

ایک اور بھارتی رپورٹر نے بتایا کہ لفظ صحافی سن کر ہی بھارتی فوجی مشتعل ہو جاتے ہیں اور مارنے پیٹنے پر تل جاتے ہیں، اپنی جان کے ڈر سے ہم باہر نہیں نکل رہے۔

رپورٹس کے مطابق پابندیوں کی عکس بند کرنے کی کوشش پر غیرملکی میڈیا کےلیے کام کرنے والے ایک صحافی کا کیمرا توڑ دیا گیا۔

وزارت خارجہ سے اجازت لے کر سری نگر پہنچنے والی صحافی کو بھی سیکیورٹی فورسز نے وادی چھوڑنے پر مجبور کردیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں