بھارت مقبوضہ کشمیر کی قانونی حیثیت متاثر کرنے سے گریز کرے: سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

نیویارک (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر اہم ترین بیان آ گیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ کشمیر کے اسٹیٹس کا فیصلہ یو این چارٹر کے مطابق ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم وادی کی صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں۔

سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس کا کہنا ہے کہ اس خطے سے متعلق یونائیٹڈ نیشنز کی پوزیشن اقوام متحدہ کے چارٹر اور سیکورٹی کونسل کے قابل اطلاق قراردادوں کے تابع ہے۔

انھوں نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان دو طرفہ تعلقات پر 1972 کے معاہدے، جسے شملہ معاہدہ بھی کہا جاتا ہے، کا ذکر کیا، جس میں لکھا گیا ہے کہ جموں و کشمیر کی حتمی حیثیت اقوام متحدہ کے میثاق کے مطابق امن پر طریقوں سے طے کی جائے گی۔

سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جن سے جموں و کشمیر کے اسٹیٹس پر فرق پڑے۔

انھوں نے مقبوضہ کشمیر میں پابندیوں سے متعلق رپورٹس پر بھی تشویش کا اظہار کیا، کہا پابندیوں سے خطے میں انسانی حقوق کی صورت حال مزید بد تر ہو سکتی ہے۔

سیکرٹری جنرل نے کہا کہ فریقین زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں۔

واضح رہے کہ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے اقدام پر سلامتی کونسل میں جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں