واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان مورگن اورٹیگس نے کہا ہے کہ پاک بھارت تناؤ خطرناک صورت حال ہے، فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی درخواست کرتے ہیں۔
واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مورگن اورٹیگس نے بھارت پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کا احترام کرے۔
انہوں نے کہا کہ ہم خطےمیں امن واستحکام چاہتے ہیں، کشمیر پر پاک بھارت مذاکرات کی حوصلہ افزائی کریں گے، اسی سلسلے میں فریقین سے رابطے میں ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ کشمیر پر امریکا کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، کشمیر کی حیثیت میں تبدیلی پر بھارت نے امریکا کو آگاہ نہیں کیا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ کشیدہ صورت حال میں عالمی قوانین کو مدنظر رکھا جائے۔ دریں اثنا افغان امن عمل پر تبصرہ کرتے ہوئے مورگن اورٹیگس کا کہنا تھا کہ افغان امن عمل پر ہماری مذاکراتی ٹیم دوحہ میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغان امن عمل پر وزیر اعظم عمران خان کا کردار انتہائی اہم ہے، وزیراعظم عمران خان امن عمل میں ہماری مدد کررہے ہیں، عمران خان کے ساتھ تعلق انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔