ریاض (ڈیلی اردو) سعودی عرب میں مناسک حج کا آغاز آج سے ہوگا۔ حجاج کرام حج کی مکہ مکرمہ سے منیٰ روانگی شروع ہوگئی ہے۔
آٹھ ذوالحجہ سے بارہ ذوالحجہ تک حج کے مناسک جاری رہیں گے۔ ان پانچ دنوں میں حج کے تقریباً تمام فرائض و واجبات ادا ہوں گے۔
نوذوالحجہ کو حج کا رکن اعظم یعنی وقوف عرفات ہو گا۔
وقوف عرفہ کے دوران مسجد نمرہ میں خطبہ حج کل ہوگا جس کے بعد نماز ظہر اور عصر ایک ساتھ ادا کی جائے گی۔
بعدازاں عازمین حج غروب آفتاب کے ساتھ ہی مزدلفہ روانہ ہوں گے جہاں وہ نمازِ مغرب اور عشاء ایک ساتھ ادا کریں گے، عازمین نو اور دس ذوالحجہ کی درمیانی شب مزدلفہ میں کھلے آسمان تلے گزاریں گے اور رمی کے لیے کنکریاں چنیں گے۔
دس ذی الحج کو طلوع آفتاب کے بعد حجاج کرام مزدلفہ سے رمی کے لیے جمرات جائیں گے پھر قربانی کے بعد سر منڈوا کر احرام کھول دیں گے اور طواف زیارت کریں گے۔
رواں برس 22 لاکھ سے زائد عازمین فریضہ حج ادا کر رہے ہیں جن میں سب سے زیادہ تعداد انڈونیشیا کے عازمین کی ہے جب کہ دوسرے نمبر پر پاکستانی عزام کا ہے۔
امسال انڈونیشیا سے ڈھائی لاکھ عازمین جب کہ پاکستان سے 2 لاکھ عازمین فریضہ حج ادا کر رہے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق مکہ مکرمہ میں دفتر امور حج پاکستان نے عازمین حج کو ہدایت کی ہے کہ گرم موسم کے پیش نظروہ پانی کا زیادہ استعمال کریں اور دھوپ کی تمازت سے بچنے کے لیے اپنے ساتھ چھتری رکھیں۔ دوران حج اپنے ساتھ کم سے کم سامان رکھیں اور کسی پریشانی کی صورت میں معاون حج سے مدد لیں یا مفت ہیلپ لائن 8001166622 پر کال کریں۔