لاہور (ڈیلی اردو) لاہور کی احتساب عدالت نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور ان کے چچا زاد بھائی یوسف عباس کو 12 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں دے دیا۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے میرے جلسے روکنے کی کوشش کی گئی، میڈیا پر میری آواز بند کردی گئی، میڈیا پر میرے خلاف منفی چیز دکھائی جائے گی مگر میرا موقف نہیں دکھایا جائے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ ایک شخص پوری سلیکٹڈ حکومت پر بھاری ہے۔ عمران خان کی حکومت بیساکھیوں پر کھڑی ہے، لوگ نوازشریف سے انتقام کو کبھی نہیں بھولیں گے۔
واضح رہے گزشتہ روز مریم نواز کو اپنے والد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف سے جیل میں ملاقات کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔
چوہدری شوگر ملز کیس کی لاہور کی احتساب عدالت میں سماعت ہوئی، احتساب عدالت کے جج نعیم ارشد ملک نے جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ سنایا۔
کیس کی سماعت کے موقع پر نیب کی جانب سے مریم نواز اور یوسف عباس کے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔
عدالت نے مریم نواز اور یوسف عباس کو دوبارہ 21 اگست کو احتساب عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
نیب پراسیکیوٹر حافظ اسد اللہ نے مؤقف اختیار کیا کہ مریم نواز کے اکاؤنٹ سے مشکوک ٹرانزکشنز ہوئیں، مریم نواز کو دو دفعہ نیب طلب کیا گیا۔
نیب پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ نے عدالت کو بتایا کہ چوہدری شوگر ملز میں پیسے کہاں سے آئے، اس بات کی تفتیش کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 2008 میں مریم نواز کے نام پر 11 ملین کے شیئر تھے، اس بات کا تعین کر رہے ہیں کہ اکاؤنٹ میں رقم کہاں سےآئی۔
اس سے قبل نیب کی ٹیم نے مریم نواز اور اُن کے کزن یوسف عباس کو احتساب عدالت پہنچایا، اس موقع پر نیب عدالت کے باہر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے اور اینٹی رائٹ فورس نے پتھراؤ سے بچنے کے لیے حفاظتی شیلڈز کو ڈھال بنائے رکھا۔
مریم نواز کی پیشی کے موقع پر ن لیگی کارکنوں کی احتساب عدالت جانے کی کوشش کی جس پر لیگی کارکنوں اور پولیس اہلکاروں میں تکرار ہوئی اور عدالت کے باہر دھکم پیل بھی ہوئی۔
میں اِس حکومت اور عمران نیازی کو NRO نہیں دوں گی، مریم نواز کی احتساب عدالت میں گُفتگو ۔ pic.twitter.com/lMaYtrhkqm
— PMLN Lahore (@LahorePMLN) August 9, 2019
احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر کمرہ عدالت کے بایر مریم نواز سے ان کے شوہر ریٹائرڈ کیپٹن صفدر، بیٹے جنید اور حمزہ شہباز شریف نے بھی ملاقات کی۔
حمزہ شہباز اپنی بہن مریم نواز سے عدالت میں ملتے ہوئے
کیپٹن صفدر اور جنید صفدر بھی ان کے ہمراہ@MaryamNSharif @HamzaShehbaz74 @kaleemshaikhhyd @Hussain_NSharif @SulemanSharif82 @CMShehbaz @zi_suleman Sharif pic.twitter.com/VSYVm3vKsK— Dil Dil Pakistan (@DilPakistan123) August 9, 2019
کمرہ عدالت میں دھکم پیل اور لیگی وکلاء کے شور شرابے پر فاضل جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کمرہ عدالت کو اکھاڑا مت بنائیں۔
مریم نواز کے وکیل نے موقف اختیا رکیا کہ پاناما جے آئی ٹی نے چودھری شوگر ملز کو نواز شریف کی بے نامی کمپنی قرار ۔ دیا تھا، اب اسے مریم نواز اور یوسف عباس سے جوڑا جا رہا ہے ،نیب پراسیکیوٹر نے کہا مریم نواز کے وکیل ہمیشہ ایک جیسے دلائل دیتے ہیں، لمبی بحث کے باوجود بھی وہ کیس پر نہیں آ رہے۔
مریم نواز کی پیشی سے قبل لیگی کارکنوں نے عدالت کے اندر جانے کی کوشش کی تو پولیس اہلکاروں سے انکی تکرار اور دھکم پیل بھی ہوئی۔