پیانگ یانگ (ڈیلی اردو) شمالی کوریا نے اپنے مشرقی ساحل سے آج (ہفتہ) دو میزائل فائر کئے۔ حالیہ ہفتوں میں یہ اپنی نوعیت کا پانچواں تجربہ ہے۔
میزائل ساؤتھ ہیمیونگ صوبے کے مشرقی شہر ہیم ہنگ سے داغے گئے تھے اور یہ جزیرہ نما کوریا کے مشرق میں بحرِ جاپان میں جا کر گرے۔
جنوبی کوریا کی فوج کا کہنا ہے کہ یہ مختصر فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل ہیں۔
یہ تجربہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے بعد کیا گیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ انہیں شمالی کوریا کے رہنما کی جانب سے ایک مثبت خط موصول ہوا ہے۔
اس سے پہلے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہائوس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی مثبت خط ہے اور شمالی کوریا کے رہنما کِم جانگ اُن امریکہ اور جنوبی کوریا کی حالیہ مشترکہ فوجی مشقوں سے ناخوش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ شمالی کوریا کے رہنما سے ایک اور ملاقات کریں گے۔