ریاض (ڈیلی اردو) سعودی عرب میں فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمین کی منیٰ سے میدان عرفات روانگی جاری ہے۔ گزشتہ روز منیٰ میں قیام کے بعد عازمین آج صبح یعنی 9 ذی الحج سے میدان عرفات روانہ ہو رہے ہیں جہاں وہ حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کریں گے۔
وقوف عرفہ کے دوران وہ مسجد نمرہ میں خطبہ حج سنیں گے اور ظہر اور عصرکی نمازیں ایک ساتھ ادا کریں گے۔عازمین میدان عرفات میں غروب آفتاب تک اپنے قیام کے دوران فریضہ حج کی قبولیت کی دعائوں اور قرآنی آیات کی تلاوت میں مشغول رہیں گے۔
غروب آفتاب کے بعد وہ مزدلفہ روانہ ہوں گے جہاں وہ نصف شب تک قیام کریں گے اوراس دوران مغرب اورعشاء کی نمازیں ایک ساتھ ادا کرنے کے بعد عبادت خداوندی میں مصروف رہیں گے۔
واضح رہے کہ رواں برس سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی بار فرزندان اسلام مسلسل تین روز تک 3 خطبے سنیں گے۔ ان میں پہلا خطبہ گزشتہ روز جمعہ کا خطبہ سنا گیا جب کہ دوسرا خطبہ آج خطبہ حج ہوگا اور تیسرا خطبہ کل نماز عید الاضحٰی کا سنا جائے گا۔