13

افغانستان: طالبان کے دو اہم گروہوں میں تصادم، اہم کمانڈروں سمیت 40 سے زائد ہلاک

کابل (ڈیلی اردو) افغانستان کے صوبے ہرات میں افغان طالبان کے دو اہم گروہوں کے درمیان اندرونی لڑائی کے نتیجے میں 40 سے زائد ہلاکتیں ہوئی ہیں جن میں کچھ اہم کمانڈرز شامل ہیں۔

تفصیلات مطابق تین روز قبل افغانستان کے صوبے ہرات کے دو اضلاع گزری اور پشتون زرغون میں طالبان کے دو گروہوں میں آپسی تصادم کے نتیجے میں 40 سے زائد افراد مارے گئے ہیں۔

تصادم طالبان امیر مولوی ہیبت اللہ اخونزادہ اور ملا عبدالمنازی نیازی گروپ کے درمیان ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق افغانستان کے صوبہ ہرات میں مرکزی طالبان شوریٰ کے دوران طالبان کے اندرونی اختلافات کے نتیجے میں یہ ہلاکتیں ہوئیں۔ ذرائع کے مطابق ہلاکتوں میں چند اہم کمانڈرز بھی شامل ہیں۔

افغان سیکیورٹی زرائع کے مطابق دونوں گروپوں کے درمیان تصادم میں ہلاک ہونے والے 40 افراد کی لاشوں کو ہلمند منتقل کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ طالبان کے ان دونوں گروپوں میں اکثر و بیشتر ہرات، ہلمند اور فراہ صوبوں میں تصادم ہوتے رہتے ہیں۔

یاد رہے کہ قطر میں جاری امن مذاکرات کے بارے میں گذشتہ روز طالبان ترجمان  سہیل شاہین نے کہا کہ اگر امریکہ اور طالبان کے درمیان مذاکرات اسی طرح چلتے رہے تو امکان ہےکہ کچھ ہی دنوں میں امن معاہدے پہ دستخط ہو جائے گا۔

مذاکرات کے آخری مراحل میں داخل ہونے  کے ساتھ ساتھ افغانستان میں پر تشدد واقعات میں کافی اضافہ ہوا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں