اسلام آباد (ویب ڈیسک) چین نے مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر سلامتی کونسل میں پاکستان ساتھ دینے کا اعلان کرکے ثابت کردیا کہ وہ پاکستان کا ہر آڑے وقت کا ساتھی ہے۔
دورہ چین سے واپسی کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال پر گہری تشویش ہے، وادی سے شہادتوں کی اطلاعات بھی سامنے آرہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کمیونیکیشن بلیک آؤٹ کی وجہ سے تفصیلات سامنے نہیں آرہی ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو جیسی صورتحال کے سبب غذاؤں اور ادویات کی کمی ہوگئی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر چینی وزیر خارجہ اور دیگر حکام سے تفصیلی بات ہوئی، چین نے جو ردعمل دیا وہ ہماری توقعات کے عین مطابق ہے، چین نے پھر ثابت کیا کہ وہ پاکستان کا ہر آڑے وقت کا ساتھی ہے، ہمارے اس قومی مسئلے پر چین نے مکمل حمایت کا اعلان کیا۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل میں اٹھانے پر چین نے مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے، پاکستان اور چینی وزارتِ خارجہ کے درمیان ڈی جی کی سطح کے فوکل پرسن مقرر کیے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین نے واضح پوزیشن لی ہے کہ وہ جموں و کشمیر کو متنازع علاقہ سمجھتے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جمعے کی نماز کیلئے قابض انتظامیہ نے کرفیو اٹھایا تو فوری مظاہرے شروع ہوئے، بھارتی فوج نے ان پر گولیاں چلائی ہیں، آج کرفیو میں نرمی نہیں تھی لیکن کشمیریوں نے کرفیو توڑ کر احتجاج کیا ہے، لداخ سے بھی بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہروں کی خبریں آرہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر سے غذائی اشیاء اور دواؤں کی قلت کی خبریں بھی سامنے آنا شروع ہوگئی ہیں، مقبوضہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں ہے، پاکستان اس پر بات کا پورا حق رکھتا ہے، جو کچھ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کررہا ہے وہ نسل کشی ہے۔
خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کشیدہ صورت حال پر چینی حکومت کو پاکستان کے خدشات اور تحفظات سے آگاہ کرنے کے لیے وزیر خارجہ شاہ محمود نے گزشتہ دنوں ہنگامی دورہ چین کیا تھا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ہنگامی دورے میں چینی ہم منصب سے ملاقات کیلئے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس پہنچے تو ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور پاک چین دوستی زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔