کشمیریوں کی نسل کشی آر ایس ایس کے نظریے کے مطابق ہو رہی ہے: وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد (ڈیلی اردو) وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت نے نازی نظریے سے متاثر راشٹریہ سوایم سیوک سنگھ  (آر ایس ایس) کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور کریک ڈاؤں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر اعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ کرفیو، کریک ڈاؤن اور بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں عنقریب شروع ہونے والی کشمیریوں کی نسل کشی نے نازی نظریے سے متاثر راشٹریہ سوایم سیوک سنگھ  (آر ایس ایس) کو بے نقاب کر دیا ہے۔

عمران خان نے مزید لکھا کہ بھارتی اقدامات کا مقصد نسل کشی کے ذریعے کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا ہے۔

عمران خان نے سوال پوچھا کہ کیا دنیا کشمیر کے معاملے کو بھی ایک خاموش تماشائی کی طرح دیکھے گی جیسے اس نے ہٹلر کو میونخ میں دیکھا تھا؟

وزیراعظم پاکستان نے خوف کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ نازی آریان کی طرح ہندوؤں کی بالادستی کے آر ایس ایس کے نظریات صرف کشمیر تک ہی محدود نہیں رہیں گے، بلکہ اس کے ذریعے بھارت کے مسلمانوں کو دبایا جائے گا اور پھر آگے چل کر پاکستان کو نشانہ بنایا جائے گا۔

عمران خان نے آخر میں لکھا کہ آر ایس ایس بھی ہٹلر کے برتر قوم کے نظریات کی طرح ہندو برتری کی خواہاں ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں