مظفر آباد (ڈیلی اردو) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے غیرقانونی الحاق کا معاملہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اٹھائے گا۔
مظفر آباد میں آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں کشمیری بھائیوں سے اظہاریکجہتی کیلئے آزاد کشمیر پہنچا ہوں۔
وزیر خارجہ نے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم کو چین کے اپنے حالیہ دورے اور چینی قیادت سے اپنی ملاقاتوں کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی مسلح افواج نہتے کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہی ہیں او راُن کے حقوق کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم عالمی قیادت کے ساتھ رابطے میں ہیں اور بین الاقوامی ذرائع ابلاغ مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں منظرعام پر لا رہے ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدخان نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ وزیر خارجہ کشمیریوں کے ساتھ عید منانے کے لئے آزاد کشمیر پہنچے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ملکر منزل مقصود حاصل کریں گے۔ اس سے پہلے آزاد کشمیر میں کوہالہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے چودہ اگست کو آزاد جموں و کشمیر کی قانون سازاسمبلی سے خطاب کریں گے۔
دریں اثناء پاکستان نے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عید الاضحی کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کی پابندیوں میں نرمی کرے اورکشمیری عوام کو آزادانہ طور پر مذہبی فرائض کی ادائیگی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کی اجازت دے۔ ریڈیو پاکستان کے نمائندے حیدر عباس کو ایک انٹرویو میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس سال پاکستان اپنا یوم آزادی مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منائیگا۔