اسلام آباد (ڈیلی اردو) وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی ’پاکستان بناؤ سرٹیفکیٹ‘ سے منافع کما سکتے ہیں اور ملک کی مدد کر سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے ’پاکستان بناؤ سرٹیفکیٹ‘ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں سے درخواست کی کہ پاکستان بناؤ سرٹیفکیٹ خریدیں۔
وزیرِ اعظم نے کہا ’پاکستان بناؤ سرٹیفکیٹ کا اجرا اوورسیز پاکستانی کے لیے ہے، یقین دلاتا ہوں پاکستان کے سبز پاسپورٹ کی دنیا میں ہر جگہ عزت ہوگی، اوورسیز پاکستانیوں سے کہوں گا کہ روپیا لینا ڈالر نہ لینا۔‘
عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ بھی اوورسیز پاکستانی رہ چکے ہیں، اوورسیز پاکستانی دو دو نوکریاں اور ڈبل شفٹ کرتے ہیں، ان میں ملک کی قدر بہت زیادہ ہے، وہ سوچتے ہیں کہ کما کر پاکستان واپس چلے جائیں گے لیکن بچوں کی وجہ سے پھر وہیں رک جاتے ہیں۔
وزیرِ اعظم نے کہا ’یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے مشکل ترین وقت ہے، ملک کی کسی حکومت کو کبھی اتنے خساروں کا سامنا نہیں کرنا پڑا، ملک دیوالیہ حالت میں ملا، 5 ماہ میں پتا چلا کہ پاکستان کے حالات برے ہیں۔‘