کراچی (ڈیلی اردو) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سیکیورٹی ایکسپرٹ نے پی ایس ایل کی سیکیورٹی کو اطمینان بخش قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سیکیورٹی ایکسپرٹ پاکستان میں پی ایس ایل کی سیکیورٹی سے مطمئن ہیں، ڈیوڈ سنائر نے کہا کہ سیکیورٹی کا ہر پہلو سے جائزہ لیا ہے۔
ڈیوڈ سنائر نے کہا کہ پی ایس ایل کی سیکیورٹی پلان کے مطابق رہی تو پی ایس ایل کامیاب ایونٹ ثابت ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پی سی بی کی جانب سے پی ایس ایل سیزن فور کے لیے کمنٹیٹر اور ماہرین کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے مطابق کمنٹیٹر میں رمیز راجا، ڈینی موریسن، مائیکل سلاٹر اور ایلن ولکنز شامل ہیں۔
پی سی بی کے مطابق آسٹریلیا کے میتھیو ہیڈن، جنوبی افریقا گریم اسمتھ، کیپلز ویسلز اور بازید خان بھی کمنٹری کے فرائض انجام دیں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن فور کے شیڈول کا اعلان کیا جاچکا ہے، پی ایس ایل کا چوتھا ایڈیشن 14 فروری سے 17 مارچ تک ہوگا۔
پی ایس ایل فور کے 4 میچز ابو ظبی میں ہوں گے جبکہ شارجہ اور دبئی میں بھی میچز ہوں گے۔ آخری 8 میچز پاکستان میں ہوں گے جن میں 3 میچ لاہور اور 5 میچ کراچی میں ہوں گے۔
لاہور میں ہونے والے میچز 9، 10 اور 12 مارچ کو ہوں گے جبکہ 7، 10، 13 اور 15مارچ کو میچز کراچی میں ہوں گے۔ پی ایس ایل فور کا فائنل 17 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔