ریاض + صنعا (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) یمن کے صدر عبد ربہ منصور ھادی نے اتوار کے روز منیٰ میں سعودی عرب کے ولی عہد و وزیردفاع شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی’ایس پی اے’ کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں یمن کی موجودہ صورت حال بالخصوص عدن میں جاری کشیدگی پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے موقع پر سعودی عرب کے وزیر دخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود، نیشنل گارڈز کے وزیر شہزادہ عبداللہ بن بندر، نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان اور انٹیلی جنس چیف خالد الحمیدان بھی موجود تھے۔
دوسری طرف یمنی صدر عبد ربہ منصور ھادی کے ساتھ ملاقات میں شرکت کرنے والوں میں نائب صدر جنرل علی محسن الاحمر، یمنی وزیراعظم ڈاکٹر معین عبدالملک اور دیگرنے شرکت کی۔
ادھر یمنی ایوان صدر کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر ھادی اور سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا’ کے خلاف جاری جنگ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر سعودی اور یمنی قیادت نے ایرانی مداخلت ناکام بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھنے سے اتفاق کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ عدن میں حالیہ ایام میں ہونے والی کشیدگی سےایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کو فائدہ اٹھانے کی اجازت نہیں دے گے۔
قبل ازیں یمنی صدر عبد ربہ منصور ھادی نے سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں بھی دو طرفہ تعلقات اور یمن میں حوثی ملیشیا کے خلاف جاری جنگ پر تبادلہ خیال کیا گیا