کشمیری عورتیں لے جانے والوں کو ہماری لاشوں سے گزرنا پڑے گا: سکھ کمیونٹی

سری نگر (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) مقبوضہ کشمیر کی سکھ کمیونٹی کی جانب سے ایک بڑا اعلان کیا گیا ہے، اُن کا کہنا ہے کہ مقبوضہ جموں کشمیر کی عورتوں کو دوسرے علاقوں میں لے جانے کی کوشش کرنے والوں کو ہماری لاشوں سے گزر کر جانا پڑے گا۔

مقبوضہ کشمیر کی سکھ کمیونٹی نے جموں و کشمیر پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کا اہتمام کیا جس سے خطاب کرتے ہوئے سکھ یونائیٹڈ فرنٹ کے چیئرمین سیدھر شان وزیر سنگھ نے کہا کہ ہمارا صدیوں پرانا سیکولر ماحول ہے، ہمیں اس ماحول کو ہر قیمت پر قائم رکھنا ہے اگر کسی نے اسے خراب کرنے کی کوشش کی تو سکھ کمیونٹی اس کے راستے میں دیوار بنے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی طرح کے تشدد کے سخت خلاف ہیں، اگر کسی بھی خطے سے تعلق رکھنے والا کوئی شخص یہاں تشدد کرے گا تو ہم اس کی پرزور مخالفت کریں گے۔

اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ جس کسی کو بھی آرٹیکل 370 سے اعتراض ہے، وہ پر امن طریقے سے احتجاج کرے یا اُن کے پاس قانونی راستہ ہے تو وہ قانونی راستہ اپناتے ہوئے اس کے خلاف آواز بلند کریں۔

انہوں نے کہا کہ وہ بھارتی حکومت اور ریاستی حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ جتنے بھی بڑے سیاسی رہنماؤں کو گرفتار کیا گیا ہے، اُنہیں فوراً سے پیشتر رہا کیا جائے اور وادی میں موبائل اور انٹرنیٹ پر جو پابندیاں لگائی گئی ہیں اُنہیں فوری طور پر ہٹایا جائے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں