اسلام آباد (ڈیلی اردو) کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری کل بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے۔
یوم سیاہ منانے کا مقصد دنیا کی توجہ بھارت کی طرف سے عالمی سطح پر تسلیم شدہ جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت تبدیل کرنے کے مذموم اقدام کی طرف مبذول کرانا ہے۔
اس موقع پر پورے آزاد کشمیر میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی اور مظاہرے کئے جائینگے جن کے ذریعے کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق خودارادیت دینے سے بھارت کے مسلسل انکار کی مذمت کی جائے گی اس کے علاوہ دنیا کو بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جاری بدترین ریاستی دہشت گردی جس میں مقبوضہ علاقے کے لوگوں کو گزشتہ نو روز سے بھارتی پیرا ملٹری فورسز نے گن پوائنٹ پر یرغمال بنا رکھا ہے کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔
احتجاجی ریلیوں کے شرکاء بھارت کے خلاف اپنے غم و غصے اور نفرت کے اظہار کیلئے اپنے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھیں گے۔ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے خلاف بھارت کے مذموم عزائم کی مذمت کیلئے مختلف عوامی مقامات پر سیاہ جھنڈے بھی لہرائے جائیں گے۔