مظفر آباد (ڈیلی اردو) وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا ہے کہ عمران خان صاحب قدم بڑھائیں، تمام کشمیری آپ کی جانب دیکھ رہے ہیں۔
قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ کشمیر کو کوئی بھی تقسیم نہیں کرسکتا۔ لوگ ایل او سی کو پار کرنے کیلئے بے تاب ہیں۔ ہم ایل او سی کو نہیں مانتے۔ ایل او سی کو نوٹیفکیشن کے ذریعے سیز فائر لائن کا نام دینگے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے بہت پہلے پاکستان کے ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا تھا۔ میں کشمیری ہوں، مجھے بھی گولی چلانا آتی ہے۔ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو کچل دیں گے۔
راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ آزادی کشمیرکا سفر باہتر نہیں بلکہ پانچ سوسال پر محیط ہے۔ مقبوضہ وادی میں انیس سو نواسی سے اب تک ایک لاکھ سے زائد کشمیری شہید ہوچکے ہیں۔ بھارتی فوجی کشمیری نوجوانوں کو ان کے اہلخانہ کے سامنے برہنہ کر کے پریڈ کراتے ہیں، اس سے زیادہ تذلیل اور کیا ہوگی؟