ڈیرہ اسماعیل خان (توقیر حسین زیدی) خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی کے جنگلوں میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے مشترکہ سرچ آپریشن میں خاتون سمیت 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی کے علاقے باچہ آباد میں سیکورٹی فورسز اور پولیس کے مشترکہ سرچ آپریشن میں دہشت گروں سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک خاتون سمیت 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق سیکیورٹی فورسز، سی ٹی ڈی اور پولیس کا مشترکہ آپریشن جنگلوں میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا، اس دوران دہشت گردوں نے فورسز پر فائرنگ کردی اور جوابی فائرنگ میں ایک خاتون سمیت پانچ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
نمائندہ ڈیلی اردو کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کی شناخت محمد جاوید ولد غلام فرید سکنہ پکہ ملانا ڈیرہ اسماعیل خان، حسیب الرحمان ولد حفیظ الرحمان سکنہ تونسہ شریف ڈیرہ غازی خان اور محمد عبداللہ ولد اللہ دتہ سکنہ تونسہ شریف ڈیرہ غازی خان کے نام سے ہوئی ہے۔ تاہم خاتون دشت گرد اور ایک مرد دہشت گرد کی شناخت نہ ہو سکی۔
ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان اور لشکر جھنگوی سے بتایا جاتا ہے۔
پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گردوں پر پولیس موبائل اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں کے 8 مقدمات درج تھے، جبکہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے کلاشنکوفیں، پولیس وائر لیس سیٹ، دستی بم اور خودکش جیکٹس میں استعمال ہونے والے اجزاء برآمد ہوئے ہیں۔