پشاور (ڈیلی اردو) دو ماہ قبل جائیداد کے تنازعے پر تین بھائیوں کو قتل کرنے والے ملزم کو انٹرپول کی مدد سے گرفتار کرکے پاکستان پہنچادیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملزم نادر خان نے دو ماہ قبل جائیداد کے تنازعے پر چار سدہ کے علاقے عمر زئی میں تین بھائیوں کو موت کے گھاٹ اتاردیا تھا، واردات کے بعد ملزم باآسانی بیرون ملک فرار ہوگیا تھا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو ہدایات کی تھی کہ واقعے میں ملوث ملزم کو ہر صورت گرفتار کرکے کٹہرے میں لایا جائے، کے پی کے پولیس نے اس کیس میں انتہائی اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزم کو انٹر پول کی مدد سے ملائیشیا سے گرفتار کرکے پاکستان منتقل کردیا ہے۔
یاد رہے کہ چھبیس مئی کو چارسدہ کے تھانہ عمر زئی کی حدود میں واقع علاقے علی جان کلے میں نامعلوم افراد نے گھر سے متصل حجرے میں گھس کر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں تین سگے بھائی موقع پر ہی جاں بحق ہوئے تھے جن کی شناخت شبیر، سجاد اور کاشف کے نام سے ہوئی تھی۔
شبیر ایف سی میں سپرنٹنڈنٹ، سجاد پولیس اہلکار اور کاشف کاروبار کرتا تھا۔