سوات (ڈیلی اردو) پاکستان میں تعینات سوئٹزر لینڈ کے سفیر تھامس کولے نے ضلع سوات کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوات کو دوسرا سوئٹزرلینڈ بھی کہا جاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سوئس سفیر تھامس کولے نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوات آ کر گھر کی طرح محسوس کر رہا ہوں۔
سوئس سفیر نے بتایا کہ خیبر پختونخوا اور سوئٹزر لینڈ حکومت گزشتہ 50 سال سے مختلف پراجیکٹس پر کام کر رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ سوات کو دوسرا سوئٹزر لینڈ بھی کہا جاتا ہے، مجھے بھی یہاں آ کر گھر کی طرح محسوس ہوتا ہے، خیبر پختونخوا حکومت کے ساتھ تعاون جاری رہے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر برائے سیاحت عاطف خان نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کے لیے خیبر پختونخوا ٹورازم اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔
عاطف خان کا کہنا تھا کہ اتھارٹی کی منظوری کابینہ دے چکی ہے، سیاحت کے فروغ کے لیے ویزہ پالیسی میں رعایت دے رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستان کے تشخص کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، اس خطے کے لوگ ترقی اور امن کا فروغ چاہتے ہیں۔
وزیرِ سیاحت و ثقافت کا کہنا تھا کہ چترال اور ہزارہ میں سکی ریزارٹ بنائے جائیں گے۔