وزیراعظم عمران خان کا مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اجلاس کا خیرمقدم

اسلام آباد (ڈیلی اردو) وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال پر بحث کا خیر مقدم کیا ہے۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 50 سالوں میں یہ پہلی بار ہے کہ مسئلہ کشمیر کو دنیا کے سب سے اعلیٰ سفارتی فورم پر لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں 11 قراردادیں ہیں جو کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو تسلیم کرتی ہیں اور سلامتی کونسل کا اجلاس ان قراردادوں کی دوبارہ توثیق تھا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی مشکلات اور تنازع کا حل اس عالمی ادارے کی ذمہ داری ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کیے جانے کے بعد مسئلہ کشمیر 50 سال بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں زیر بحث آیا، اجلاس میں سلامتی کونسل کے 15 رکن ممالک کے مندوبین نے شرکت کی۔

پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل میں زیر بحث آنے پر اپنی بڑی سفارتی کامیابی قرار دیا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں