بھارتی اقدامات سے کشمیریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی: ایمنسٹی انٹرنیشنل

نیویارک (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) انسانی حقوق کی نگرانی کرنے والی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ایک مرتبہ پھر بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کیساتھ عالمی انسانی حقوق کے قوانین اور معیارات کے مطابق سلوک کیا جائے جس میں سیاسی مخالفین کی عدم گرفتاریاں، آزادی سے رہنے اور آزادانہ نقل و حمل کا حق بھی شامل ہے۔

ہفتہ کو ایک بیان میں عالمی تنظیم کے سیکریٹری جنرل کومی نائیڈو نے کہا کہ کئی عشروں میں پہلی مرتبہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے مسئلہ کشمیر پر بات کی ہے۔

سلامتی کونسل کے اراکین کو یہ یاد رکھنے کی ضرورت ہے کہ ان کے پاس عالمی امن اور سلامتی کو محفوظ رکھنے کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کیساتھ ان ممالک کو یہ صورتحال اس طریقے سے حل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے کہ مشکلات کا شکار خطے کے عوام کے انسانی حقوق کو مرکزی حیثیت حاصل رہے۔

انہوں نے کہا کہ ’بھارتی حکومت کے اقدامات نے عام عوام کی زندگیاں مشکل میں ڈال دی ہیں اور سالوں سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں سہنے والوں کو مزید غیر ضروری تکلیف اور پریشانی کا سامنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی بحران میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کو مہروں کی طرح استعمال نہیں کیا جانا چاہیے اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ انسانی حقوق کے احترام کے لیے سب کو اکٹھا ہونا چاہیے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں