بھارت کے ایٹمی ہتھیار فاشسٹ مودی حکومت کے ہاتھ لگ چکے ہیں: وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد (ڈیلی اردو) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت کے ایٹمی ہتھیار فاشسٹ مودی حکومت کے ہاتھ لگ چکے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی سائٹ پر ٹوئٹر پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پر ہندونسل پرست، فاشسٹ قیادت اور آئیڈیالوجی نے ایسے ہی قبضہ جمالیا ہے جیسے نازیوں نے جرمنی پر قبضہ جمایا تھا، اس سے وادی کے 90 لاکھ کشمیری خطرے میں پڑگئے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ہندو برتری کی خواہشمند مودی حکومت نا صرف پاکستان بلکہ بھارت میں رہنے والی اقلیتوں اور نہرو و گاندھی کے بھارت کے لیے بھی خطرہ بن گئی ہے، کوئی بھی گوگل پر جا کر با آسانی نازی نظریات اور بی جے پی/ آر ایس ایس کے نسل کش نظریات کے درمیان مماثلت کو سمجھ سکتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ دنیا کو اس معاملے کا نوٹس لینا چاہیے کیونکہ جن اب بوتل سے باہر نکل چکا ہے اور اگر بین الاقوامی برادری نے آر ایس ایس غنڈوں کے ہتھکنڈوں سے نفرت اور نسل کشی کے نظریات کو نہ روکا تو یہ مزید بڑھ جائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کشمیری 2 ہفتے سے محاصرے میں ہیں، دنیا میں خطرے کی گھنٹیاں بجنی چاہیئں، یہ خطرہ پاکستان، بھارتی اقلیتوں تک وسیع ہورہا ہے، اقوام متحدہ کے مبصرین کو مقبوضہ کشمیر بھیجا جانا چاہیے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مودی کی فاشسٹ قیادت سے نہرو اور گاندھی کے بھارت کو بھی خطرہ ہے، دنیا بھارت کے ایٹمی ہتھیاروں کی سیکیورٹی سنجیدگی سے لے، بھارت کے ایٹمی ہتھیار فاشست مودی حکومت کے ہاتھ لگ چکے ہیں، یہ ایسا معاملہ ہے جو صرف خطے کو نہیں پوری دنیا کو متاثر کر رہا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں