اسلام آباد (ڈیلی اردو) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے امریکی صدر کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے تفصیلی آگاہ کیا اور مودی سے بات کرنے کا کہا ہے۔
وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی 16 اگست کو ڈونلڈ ٹرمپ سے بات ہوئی تھی۔وزیر اعظم نے ڈونلڈ ٹرمپ کو مودی سرکار کے اقدامات کی وجہ سے صورت حال سے آگاہ کیا اور بتایا کہ 5 اگست کی صورتحال سے خطے میں سنگین صورتحال پیدا ہوئی ہے جس کو پاکستان کم کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مودی کے اقدام کے پیچھے اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں مکمل بلیک آؤٹ ہے اور دنیا کی نظروں سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے حقائق اوجھل ہیں جبکہ مودی سرکار کے اقدام کے پیچھے متنازعہ علاقے کی حیثیت کو تبدیل کرنا تھا۔