پاک بھارت کشیدگی: امریکی صدر ٹرمپ کا مودی کو ٹیلیفون، تناؤ ختم کرنیکی ہدایت

واشنگٹن + نئی دہلی (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ٹیلیفون کیا ہے اور ان پر زور دیا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کیساتھ کشیدگی کم کی جائے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی پر زور دیا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر بھارت اور پاکستان کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی کو کم کیا جائے،

اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کے ترجمان ہوگان گڈلے کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ نے بھارت اور پاکستان کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی کو کم کرنے اور خطے میں امن کو برقرار رکھنے کی اہمیت سے آگاہ کیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ اور نریندر مودی کے درمیان ہونے والے ٹیلی فونک رابطے کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دونوں رہنماؤں نے گفتگو کی کہ تجارت میں توسیع کے ذریعے امریکا اور بھارت کے معاشی تعلقات کو کیسے آگے بڑھایا جائے گا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے رہنما جلد ہی دوبارہ ملاقات کے لیے بھی پرعزم ہیں۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ دو ہفتے قبل میری وزیر اعظم نریندر مودی سےملاقات ہوئی اور مودی نے کہا کہ کیا آپ مصالحت کار یا ثالث بننا چاہیں گے تو میں نے پوچھا کہاں، جس پر انہوں نے کہا کہ کشمیر کیونکہ یہ مسئلہ کئی برسوں سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں یہ جان کر حیران ہوا کہ یہ مسئلہ طویل عرصے سے موجود ہے میرا خیال ہے کہ وہ اس کو حل کریں گے اور مجھے ثالث بن کر خوشی ہوگی۔ میں کشمیر کے حوالے سے بہت کچھ سن چکا ہوں یہ ایک خوب صورت جگہ ہے لیکن وہاں روزانہ بمباری ہوتی ہے۔

اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان کیساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں مسئلہ کشمیر اور پاک بھارت کشیدہ صورتحال سمیت اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی تھی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور پاکستانی وزیراعظم عمران خان کیساتھ اہم ٹیلی فونک گفتگو تقریباً 20 منٹ جاری رہی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود نے دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی اہم گفتگو سے میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان میں مسئلہ کشمیر، افغانستان اور خطے کی صورتحال سمیت اہم امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان اچھی گفتگو رہی۔ وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر ٹرمپ کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا اور انھیں اپنا نقطہ نظر پیش کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں بھی رابطے میں رہنے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان دنیا کے رہنماؤں سے رابطے کر رہے ہیں۔ سلامتی کونسل کے پانچ میں سے چار اراکین سے رابطے ہو چکے ہیں جبکہ فرانس سے رابطے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کو ٹیلیفون کیا۔ صدر ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت پر زور دیا ہے کہ کشمیر پر مذاکرات کریں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں