غزہ (ڈیلی اردو) قابض اسرائیلی پولیس کی جانب سے مسجد اقصی میں چھاپہ مار کارروائی، دو لڑکیوں اور ایک بچے سمیت سات فلسطینی شہریوں کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق قابض اسرائیلی پولیس نے گھر گھر تلاشی کے نام پر فلسطینیوں کو گرفتار کرنے کے بعد اب مذہبی مقامات سے بھی فلسطینیوں کو حراست میں لینے کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔
گزشتہ روز مسجد اقصی کے باب ال راحمہ حصے میں کارروائی کرتے ہوئے عبادت کے لیے آئی ہوئی دو لڑکیوں اور ایک بچے سمیت 7 فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق قابض صہیونی فوج رام اللہ سے ایک زخمی فلسطینی نوجوان کو گرفتار کرلیا اور بیت لحم سے سوشل میڈیا ایکٹوسٹ کو بھی گرفتار کیا گیا۔
فلسطینی خبر رساں ادارے آنلائن کے مطابق جمعرات کی شام اسرائیلی پولیس کی بھاری نفری نے مسجد اقصی کے باب ال راحمہ احاطے میں دھاوا بول دیا اور وہاں موجود مسجد کے حفاظت گار سمیت 7 لوگوں کو حراست میں لے لیا جن میں دو لڑکیاں اور ایک کم عمر بچہ بھی شامل ہیں۔ گرفتاری کے بعد تمام افراد کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔
اسرائیلی پولیس نے گرفتار افراد کی شناخت ظاہر کردی ہے،گرفتار افراد میں شفیہ ابو غالیہ اور میدالن عیسی نامی لڑکیاں اور حبیب ابو شوشا نامی جوان بھی شامل ہیں۔
یاد رہے کہ کچھ روز قبل بھی اسرائیلی فوج نے مسجد اقصی کے گارڈ کو اغوا کر کے شدید تشدد کا نشانہ بنایا تھا بعد ازاں زخمی حالت میں مسجد کے احاطے میں چھوڑ گئے تھے۔