اسلام آباد (ڈیلی اردو) وزیراعظم عمران خان نے بڑھتے پولیو کیسز پر تشویش کااظہارکرتےہوئے کہا ہے کہ ملک سے پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت پولیو سے متعلق ہنگامی اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیر اعلیٰ اور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شرکت کی، وزیراعظم کے پولیو معاون بابر بن عطا بریفنگ دی۔
اجلاس میں خیبرپختونخوا میں پولیو وائرس کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ رواں برس اب تک رپورٹ پولیو کیسز کی تعداد گزشتہ 3 برسوں کے مجموعی کیسز سے تجاوز کر گئی۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملک سے پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، پولیو آئندہ نسلوں کیلئے خطرہ ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انسداد پولیو کیلئے قطرے پلانے اور آگاہی سے متعلق مہم چلائی جائے، پاک فوج کی پولیو مہم میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرئی ہے۔ تعاون کا مقصد پولیو ٹیموں کی دور دراز علاقوں میں رہنے والے بچوں تک رسائی ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے نے بڑھتے پولیو کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اجلاس طلب کیا تھا۔
انسداد پولیو کی حکومتی کوششوں کے برعکس ملک بھر سے 53 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے۔ خیبرپختونخوا کے علاقوں سے 41 پولیو کیسز سامنے آئے، انسداد پولیو پروگرام پنجاب سے اب تک 5، بلوچستان سے 4، سندھ سے 3 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے۔
یاد رہے پاکستان میں 2016 کے دوران 20 پولیو کیسز سامنے آئے، 2017 میں 8 اور 2018 میں مجموعی طور پر 12 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔