اسلام آباد (ڈیلی اردو) مائیکرو سافٹ کے بانی اور دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں شامل بل گیٹس نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو ایک خط لکھا گیا ہے جس میں انہوں نے خیبر پختونخوا میں بڑھتے ہوئے پولیو کیسز پر اجلاس طلب کرنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔
بل گیٹس نے پولیو کے خاتمے میں کی جانے والی کوششوں پر حکومت پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کو ختم کرنے کے لیے والدین کے ذہنوں سے شکوک و شبہات نکالنا انتہائی ضروری ہیں۔
ذرائع کے مطابق بل گیٹس نے وزیراعظم عمران خان کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے پاکستان سے اشتراک کا فروغ دیکھ رہا ہوں، انسداد پولیو کیلئے پاکستان سے تعاون جاری رہے گا، پاکستان کی صورتحال انسداد پولیو کی کوششوں کیلئے خطرہ ہے، خطرناک پولیو وائرس پاکستان بھر میں پھیل رہا ہے، خیبرپختونخوا میں پولیو کیسز وائرس پھیلنے کا ثبوت ہے، ہمیشہ کی طرح پولیو کے خاتمے کیلئے پاکستان سے تعاون کیلئے پرعزم ہیں۔
مائیکرو سافٹ کے بانی نے مزید لکھا کہ حفاظتی ٹیکہ جات ای پی آئی پروگرام پر حکومت کی خصوصی توجہ درکار ہے۔ خط میں انہوں نے پاکستان میں پولیو کے بڑھتے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
بل گیٹس نے پولیو کے علاوہ حکومت کے احساس پروگرام کی بھی تعریف کرتے ہوئے ستمبر میں اقوام متحدہ کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔