اسلام آباد (ڈیلی اردو) پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس ناکے پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا ہے۔ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے علاقے آئی ٹین سبزی منڈی کے قریب پولیس ناکے پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو اہلکار شہید جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا۔ زخمی پولیس اہلکار کو فوری طور پر طبی امداد کیلئے کیرج فیکٹری ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک جوان ثقلین موقع پر شہید ہو گیا تھا اور دوسرے اہلکار خرم تنولی کو زخمی حالت میں ہسپتال منقتل کیا گیا تھا جہاں وہ بھی دم توڑ گیا۔ واقعے میں اسلام آباد پولیس کا اہلکار جہانزیب زخمی ہوئے تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔
نامعلوم موٹر سائیکل سوار فائرنگ کے بعد باآسانی موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
سبزی منڈی ناکے پر موجود پولیس کے جوانوں پر نامعلوم افراد کی فائرنگ. فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل خرم اور ثقلین شہید جبکہ جہانزیب زخمی. آئی جی اسلام آباد نے فوری طور پر فائرنگ کے واقع پر تحیقات کے لیے دو ٹیمیں تشکیل دے دیں.
انا للہ وانا الیہ راجعون@PTVNewsOfficial @dcislamabad— Islamabad Police (@ICT_Police) August 21, 2019
آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان نے فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیا اور ان کی ہدایت پر ڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سید نے تفتیش کے لیے دو ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔
پولیس اہلکاروں کے قتل کی تفتیش کے لیے ایک ٹیم ایس ایس پی سی ٹی ڈی کی نگرانی میں تشکیل دی گئی ہے اور دوسری ٹیم ایس پی انویسٹی گیشنز کی نگرانی میں تفتیش کرے گی اور دونوں روزانہ کی بنیاد پر تفتیش میں پیش رفت کے حوالے سے رپورٹ آئی جی کو پیش کریں گی۔
آئی جی اسلام آباد اور ڈی آئی جی آپریشنز نے جائے وقوعہ کا جائزہ لیا جس کے بعد وہ پمز ہسپتال پہنچے جہاں زخمی اہلکار جہانزیب کی عیادت کی اور انتظامیہ سے ان کے علاج معالجے کے بہترین انتظامات کرنے کے لیے کہا۔
دوسری جانب کالعدم تنظیم حزب الاحرار نے پولیس چیک پوسٹ پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔