سرینگر (ڈیلی اردو) مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو کا 18واں روز، بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کی آڑ میں 2 نوجوانوں کو شہید کر دیا جبکہ 50 سے زائد نوجوانوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
بھارتی فوج کی ظالمانہ کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے وہیں کشمیری کرفیو توڑ کر بھارتی درنگدی کا مقابلہ کررہے ہیں جبکہ بھارت افواج و حکومت کے خلاف مظاہرے کیے جارہے ہیں تاہم کرفیو لاک ڈاؤن کے دوران اب تک 10 ہزار سے زیادہ کشمیری گرفتار کیے جا چکے ہیں جنہیں جموں کشمیر کے جیلوں یا بھارت کے دور دراز علاقوں میں قید کرکے رکھا گیا ہے۔
مقبوضہ وادی میں جمعہ کے روز کرفیو توڑ کر احتجاج کرنے کیلئے بینرز آویزاں کردئیے گئے ہیں۔
دوسری جانب گرفتار نوجوانوں سے ملنے والدین پولیس اسٹیشن کے باہر بے بسی کی تصویر بنے کھڑے ہیں۔ بھارتی انتظامیہ ‘سب اچھا ہے‘ کا راگ لاپنے کیلئے اسکول کھول دیئے ہیں لیکن والدین انہیں گھروں ہی میں پڑھانے پر مجبور ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق گھزشتہ روز جموں کشمیر میں پتھراؤ کے 2 درجن واقعات پیش آئے ہیں، پیلٹ گن اور آنسو گیس سے 20 سے زائد کشمیری زخمی ہوئے۔
واضح رہے کہ بھارتی فوج نے حریت قیادت سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق سمیت کٹھ پتلی رہنما فاروق عبد اللہ، عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی کو گھروں اور جیلوں میں نظر بند کر رکھا ہے۔