لاہور (ڈیلی اردو) سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن بنانے کے لئے مقتول خلیل کے بھائی جلیل کی درخواست لاہور ہائیکورٹ میں سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی۔
درخواست میں وفاقی حکومت، وزیراعلی پنجاب اور آئی جی پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ پر مشتمل 2 رکنی خصوصی بنچ 4 فروری کو سماعت کرے گا۔
درخواست میں جے آئی ٹی کالعدم قرار دینے اور جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ آئی جی پنجاب نے اختیار نہ ہونے کے باوجود جے آئی ٹی تشکیل دی، جے آئی ٹی سے انصاف کی امید نہیں ہے، سینیٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی نے بھی جے آئی ٹی کو تحقیقات روکنے کا حکم دیا ہے، ہائی کورٹ کے ججز پر مشتمل جوڈیشل کمیشن بنانے کا حکم دیا جائے۔
دوسری طرف سانحہ میں ملوث سی ٹی ڈی اہلکاروں کی شناخت پریڈ کا آج آخری دن تھا تاہم ورثا میں سے کوئی بھی شناخت کرنے کے لئے نہیں پہنچا۔ اس حوالے سے مہر جلیل نے کہا کہ وہ واقعہ کے وقت موقع پر موجود ہی نہیں تھے۔موقع کے گواہان اور اس واقعے میں بچ جانے والے 3 بچوں کے بارے میں انہوں نے کہا کہ سہمے ہوئے بچے کیا شناخت کریں گے؟
ایسے واقعات دیکھ کر تو اچھے سے اچھا شخص حواس باختہ ہو جاتا ہے، ہماری تو شناخت پریڈ بنتی ہی نہیں ، یہ تو محکمہ شناخت کر کے بتائے گا کہ آپریشن کے لیے جانے والے سی ٹی ڈی کے اہلکار کون کون لوگ تھے؟