سری لنکا نے پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے انکار کردیا

کولمبو (ڈیلی اردو) سری لنکا کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے انکار کردیا ہے جبکہ سری لنکا نے پاکستان میں ٹیسٹ کے بجائے 3 ون ڈے کھیلنے کی پیشکش کی ہے۔

سری لنکن میڈیا کے مطابق دورے سے متعلق حتمی اعلان اگلے ہفتے متوقع ہے۔ سری لنکن میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم پاکستان میں ٹیسٹ سیریز نہیں کھیلے گی، پاکستان نے سری لنکا کو لاہور اور کراچی میں 2 ٹیسٹ میچز کھیلنے کی پیشکش کی تھی۔

سری لنکن میڈیا نے وزیر کھیل کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ ہم پاکستان میں 3ون ڈے میچز کھیلنے کی پلاننگ کر رہے ہیں، پاکستان سری لنکا سیریز مرحلوں میں شیڈول ہے، پہلے مرحلے میں 2ٹیسٹ میچز کی سیریز شامل ہے جب کہ دسمبر میں پاکستان نے 3 ون ڈے میچوں کی میزبانی کرنی ہے۔

دوسری جانب پی سی بی ذرائع کے مطابق ابھی بات چیت جاری ہے، سری لنکا نے باضابطہ طور پر کسی بھی فیصلے سے آگاہ نہیں کیا ہے۔ سری لنکا کے سیکیورٹی وفد نے رواں ماہ سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے کراچی اور لاہور کا دورہ کیا تھا تاہم سری لنکا کرکٹ نے ٹیسٹ میچز کیلئے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا ہے۔

واضح رہے کہ سری لنکا کی ایک ٹیم نے اکتوبر 2017 میں لاہور میں ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیلا تھا لیکن اس میں بھی اس وقت کے سری لنکن کپتان اپل تھارنگا، لاستھ ملنگا سمیت متعدد نامور کھلاڑیوں نے شرکت نہیں کی تھی۔ یہ دورہ انتہائی کامیاب رہا تھا اور اس کی بدولت پی سی بی کو دیگر انٹرنیشنل ٹیموں کو پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کی دعوت دینے میں مدد ملی تھی۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں