راہول گاندھی کا سرینگر میں داخلہ بند، ائیرپورٹ سے ہی نئی دلی واپس بھیج دیا گیا

سرینگر (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی اپوزيشن پارٹی کانگریس کےرہنما راہول گاندھی کو سری نگر ایئر پورٹ سے ہی نئی دلی واپس بھیج دیا گیا۔

راہول گاندھی اور ان کے ساتھیوں کو سری نگر ایئر پورٹ سے باہر ہی نہیں نکلنے دیا گیا۔

سیکیورٹی فورسز نے سری نگر ائیر پورٹ پر صحافیوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔ جس سے متعدد صحافی زخمی ہوگئے۔

اس موقع پر راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ انہیں سری نگر میں داخل نہ ہونے دینے کا مطلب ہے کہ مودی سرکار کچھ چھپا رہی ہے۔

راہول گاندھی آج صبح سری نگر کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ روانگی سے پہلے راہول گاندھی کا کہنا تھاکہ وہ مقبوضہ کشمیر میں قید رہنماؤں سے اظہار یکجہتی کریں گے۔

واضح رہے کشمیریوں کے حقوق چھیننےکے بعد مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی حکومت کی پابندیاں مسلسل 20 ویں روز بھی جاری ہیں،مواصلاتی رابطے منقطع ،کرفیو اور پابندیوں کے باعث کاروبار زندگی معطل ہے۔

سڑکوں پر قابض بھارتی فورسز کی نفری بدستور تعینات ہے،احتجاج سے خوفزدہ قابض انتظامیہ نے سڑکیں بلاک کررکھی ہیں،وادی میں لاک ڈاؤن سے دواؤں اور کھانے پینے کی اشیا کی شدید قلت ہوگئی ہے۔

احتجاج روکنے کےلیے اب تک دس ہزار سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

مقبوضہ کشمیر کے شہری کا کہنا ہے کہ ان کا کام سب ختم ہوچکاہے،زندگی ختم ہوگئی ہے اسکول بند ہیں، حالات ٹھیک نہیں ہیں،سب اپنے گھروں میں بند ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں