یمن: امارات نواز باغیوں نے جنگ بندی کا اعلان کردیا

صنعا + ریاض (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) یمن کے جنوبی حصوں پر قابض امارات نواز علیحدگی پسند باغیوں نے حکومتی فوج کے ساتھ جاری جھڑپوں کے بعد جنگ بندی کا اعلان کر دیا ہے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق شبوہ صوبے میں 2 روز تک شدید جھڑپوں کے بعد ہفتے کے روز ’’سدرن ٹرانزیشنل کونسل‘‘ نامی علیحدگی پسند جنگجوؤں کے گروپ نے کہا کہ وہ سعودی عرب کی درخواست پر یمنی حکومت کے ساتھ بات چیت پر آمادہ ہیں لہٰذا فریقین عرب اتحاد کی جانب سے فائربندی کے مطالبے کا احترام کریں۔

مقامی ذرائع کے مطابق علیحدگی پسند کونسل کا ایک وفد سعودی عرب کے شہر جدہ پہنچ گیا ہے۔ عبوری کونسل نے آئینی صدر عبد ربہ منصور ہادی کے حوالے سے اختلافات ختم کردیے ہیں اور انہیں صدر تسلیم کرنے پراتفاق کیا ہے۔

واضح رہے کہ امارات نواز باغی یمن کے جنوبی حصے کو علاحدہ کرنے کا مطالبہ کررہے تھے۔

اس سے قبل جمعہ کے روز یمنی وزیراعظم معین عبدالملک نے شبوہ میں فریقین سے اپیل کی تھی کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں اور ملک کی سلامتی کو لاحق خطرات کا مشترکہ طور پر مقابلہ کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم پر آ جائیں۔

انہوں نے شبوہ کے گورنر کو ٹیلیفون کرکے وہاں کے حالات اور آئینی حکومت کی عمل داری کی بحالی کے معاملے پر بات چیت کی۔ اس موقع پر شبوہ کے گورنر نے مقامی حکومت، نیشنل آرمی اور دیگر حکومت نواز فورسز کی معاونت سے صوبے میں امن وامان کے قیام کے لیے جاری کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

جمعہ کے روز عرب ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شبوہ صوبے میں صدر عبد ربہ منصور ہادی کی فورسز نے سیکورٹی کے تمام انتظامات دوبارہ سنبھال لیے ہیں۔

دوسری جانب عرب اتحاد نے یمن سے سعودی علاقے کی جانب بھیجا گیا ڈرون یمن ہی میں مار گرایا۔

عرب میڈیا کے مطابق حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی سرحدی علاقے کی جانب ایک ڈرون طیارہ بھیجا گیا تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں