تہران (ویب ڈیسک) فیس بک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سرکاری سرپرستی میں چلنے والے ان اکاؤنٹس سے دوسرے ملک کی سیاست پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی گئی تھی
تفصیلات کے مطابق فیس بک، انسٹا گرام اور ٹویٹر نے ایران سے چلنے والے ہزاروں اکاؤنٹس اور صفحات کو بند کردیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران سے چلنے والے 356 فیس بک اکاؤنٹس، 262 پیجز اور 3 گروپس سمیت 162 انسٹا گرام اکاؤنٹس کو بند کردیا گیا ہے۔ اسی طرح ٹویٹر نے بھی 2 ہزار سے زائد اکاؤنٹس بند کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
فیس بک کا دعویٰ ہے کہ ان اکاؤنٹس اور پیجز سے بیرون ملک لوگوں تک رسائی حاصل کی جارہی تھی اور مخصوص ایجنڈے کو فروغ دیا جا رہا تھا۔ زیادہ تر اکاؤنٹس سرکاری سرپرستی میں چل رہے تھے۔
ادھر ٹویٹر نے بھی ایران سے چلنے والے 2 ہزار اکاؤنٹس کو معطل اور سیکڑوں کو بند کرنے کا اعلان کیا۔ علاقہ ازیں ٹویٹر نے امریکا کے وسط مدتی انتخابات میں مداخلت اور اثر انداز ہونے کی کوشش کرنے والے ہزاروں اکاؤنٹس کو بند کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹس نے یہ اقدام انتخابات میں مداخلت اور دوسرے ممالک کی سیاست پر اثر انداز ہونے سے محفوظ رکھنے کی پالیسی کے تحت اُٹھایا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹس امریکی صدارتی انتخاب میں ڈیٹا استعمال ہونے کے بعد کافی محتاط ہوگئی ہیں۔