دمشق + یروشلم (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) اسرائیلی فوج نے شام میں ایران کے پاسداران انقلاب کے القدس بریگیڈ اور حزب اللہ کے ٹھکانے پر فضائی حملے کئے۔ جس کے نتیجے میں ابتک 6 افراد شہید ہو گئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے شام میں دمشق کے قریب ایران کے ایک فوجی ٹھکانے پر فضائی حملے کا دعویٰ کیا ہے۔ یہ حملہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر ڈرون حملے کی تیاری کی انٹیلی جنس خبروں کی بنیاد پر کیا گیا۔
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ ایران نے شام سے اسرائیل کی سرزمین پر ڈرون حملے کی سازش تیار کی تھی اور اسے عملی جامہ پہنا رہا تھا کہ اسرائیلی فضائیہ نے بروقت ردعمل دیتے ہوئے ایرانی عزائم کو ناکام بنادیا۔
شام میں برطانوی مبصر نے اسرائیلی جیٹ طیاروں کی کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ فضائی حملے میں کم از کم 6 افراد شہید ہوگئے تاہم حملوں میں شہدا کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ یہ حملے پاسداران انقلاب اور حزب اللہ کے ٹھکانوں پر کیے گئے۔
عرب ٹی وی کے مطابق دمشق کے قریب القدس بریگیڈ پر اسرائیلی لڑاکا طیاروں کی بمباری میں متعدد شہادتوں کے علاوہ مالی نقصان کی تصدیق اسرائیل فوج کر رہی ہے۔
اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ ان کی فوج نے بہت محنت اور کوششوں کے بعد اسرائیل پر حملے کی ایرانی کوشش ناکام بنا دی ہے۔ نیتن یاہو کے بقول ایران کو کہیں جائے پناہ نہیں ملے گی۔
اسرائیلی کارروائی کے بعد شامی حکومت کے زیر انتظام چلنے والے شامی ٹی وی نے دعوی کیا کہ شامی ائر ڈیفنس نے شامی دارلحکومت کی فضا میں ‘دشمن کے میزائل’ کو تباہ کر دیا ہے۔
دمشق میں عینی شاہدین نے بتایا کہ انھوں نے زور دار دھماکوں کی آوازیں سنیں اور اس کے بعد دمشق کے آسمان پر دھماکوں کے بعد پیدا ہونے والے اثرات کو اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے۔
شام کے 2011 سے شروع ہونے والے تنازع کے بعد سے اسرائیل کئی بار شامی سرزمین پر شامی اور ایرانی فوج سمیت لبنانی ملیشیا حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا چکا ہے۔
اسرائیل نے اصرار کے ساتھ یہ بات کہی ہے کہ وہ ایرانی فوج کی جانب سے شام میں اپنا رسوخ بڑھانے اور حزب اللہ ملیشیا کو جدید اسلحہ پہنچانے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے اپنی کارروائیاں جاری رکھے گا۔
جولائی کے آواخر میں شام کے اندر انسانی حقوق کی صورت حال پر نظر رکھنے والے آبزرویٹری نے بتایا تھا کہ اسرائیلی میزائل حملوں میں جنوبی شام کے درعا اور القنیطرہ شہروں میں ایران نواز ملیشیاؤں کے فوجی اور انٹیلی جنس اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ آبزرویٹری کے مطابق ان حملوں میں حزب اللہ کے 9 اہلکار شہید ہوئے ہیں، شہدا میں تین شامی جبکہ چھے افراد کا تعلق ایران سے بتایا گیا تھا۔
دوسری جانب پاسداران انقلاب کے کمانڈر نے اسرائیلی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں کہیں بھی ایران کی تنصیبات یا مقامات پر کوئی بھی حملے کی جرأت نہیں کرسکتا، پاسداران انقلاب ملک کے اندر اور ملک سے باہر سرحدوں اور مفادات کا تحفظ کرنا جانتی ہے۔