مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن کا مسلسل 23واں روز، کھانے پینے اور ادویات کا اسٹاک ختم

سری نگر (ڈیلی اردو ) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی حکومت کی جانب سے کرفیو نافذ کیے 23 روز ہوگئے۔ کھانے پینے اور ادویات کا اسٹاک ختم ہوگیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ وادی کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل ہوئے 23 روز ہوگئے جہاں مودی حکومت کی جانب سے کرفیو کے 23 ویں روز بھی مواصلاتی نظام معطل اور کرفیو برقرار ہے۔

کرفیو کے باعث کشمیری ضروری غذائی اشیاء سے محروم ہوچکے ہیں جب کہ ادویات کی بروقت فراہمی نہ ہونے سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

قابض بھارتی فوج احتجاج کچلنے کے لیے گھروں میں گھس بے گناہ نوجوانوں کو گرفتار کر رہی ہے جب کہ خواتین کی بے حرمتی، چادر اورچار دیواری کا تقدس پامال کیا جارہا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں 23 روز سے جاری لاک ڈاؤن پر ریاست کے گورنر ستیاپال ملک نے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ وادی میں تو چار چار ماہ ہڑتالیں رہی ہیں۔

مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو سے مواصلاتی رابطے، ٹی وی چینلز اور اخباروں کی اشاعت بدستور بند ہے۔

اس کے علاوہ حریت اور سیاسی رہنما گھروں یا جیلوں میں بدستور بند ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں