10

پاک فوج کا یوم دفاع بھرپور انداز میں منانے کا فیصلہ

راولپنڈی (ڈیلی اردو) ڈی جی آئی ایس پی آر نے کشمیر بنے گا پاکستان کے سلوگن کے ساتھ یوم دفاع پاکستان منانے کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر میں یوم ِدفاع و شہدا دوہزار انیس کے حوالے سے کانفرنس کاانعقاد کیاگیا، جس میں ملک بھر سے سول و فوجی حکام نے شرکت کی اور یومِ دفاع و شہدا کی تقریبات سے متعلق بات چیت کی۔

اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پچھلے سال پہلی بار ہر شہید کے گھر جانے کا پروگرام شروع کیا گیا جس کا بہت اچھا رسپانس ملا اس لئے اسے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ اس سال بھی ہر شہید کے گھر پہنچیں گے ساتھ ہی انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ شہدا کے لواحقین سے ملیں،شکریہ ادا کریں اور گلی گلی، محلے محلے شہدا کی تصاویر آویزاں کی جائیں۔

میجر جنرل آصف غفور نے بتایا کہ یومِ دفاع و شہدا کی مرکزی تقریب جی ایچ کیو میں منعقد ہو گی، اس سال تقریب کے فارمیٹ میں تبدیلی کی گئی ہے، رواں سال یہ دن کے وقت منعقد ہوگی جس میں صرف شہدا کے لواحقین اور غازی شرکت کریں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جی ایچ کیو میں یادگارِ شہدا پر حاضری دیں گے اور پھول چڑھائیں گے بعد ازاں آرمی چیف شہدا کے لواحقین اور غازیوں سے ملاقات کریں گے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ اسی طرح فارمیشن اور شہر شہر تقریبات ہونگی جبکہ یومِ دفاع کی مناسبت سے چھاؤنیوں میں ہتھیاروں کی نمائش ہوگی اور کشمیر بنے گا پاکستان کا سلوگن تقریبات کا حصہ ہوگا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پچھلے سال کی طرح عوامی مقامات پر شہیدوں کی تصاویر لگائی جائیں گی اس کے علاوہ بسوں، ٹرکوں، ریلوے اسٹیشنز، ایئرپورٹس اور مارکیٹس میں شہیدوں کی تصاویر لگائی جائیں گی۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں