لاہور (ڈیلی اردو) چئیرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات کا کہنا ہے کہ کوئی طاقت کشمیریوں کی آزادی کا راستہ نہیں روک سکتی جبکہ گورنر پنجاب کا کہنا ہے کہ کشمیر کی آزادی تک ہر پاکستانی کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی کتاب کی تقریب رونمائی کے موقع پر چئیرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے کہا کہ کرفیو اور لاک ڈاون سے کشمیریوں کی زندگی مفلوج بنادی گئی ہے، لیکن کوئی طاقت کشمیریوں کی آزادی کا راستہ نہی روک سکتی، کشمیر پاکستان ہے اور پاکستان کشمیر ہے۔
جنرل زبیر محمود حیات نے کہا کہ پاکستان خطے کے لیے گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے، چائنہ پاکستان کوریڈور گیم چینجر ہے اور گوادر سپریم کوریڈور قوم اطمینان رکھے پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔
اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے ہٹلر بھی شرما گیا ہوگا، مودی نے کشمیر کا اسٹیٹس ختم کر دیا ہے ،مگر وہ یاد رکھے کہ افواج پاکستان اور قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔