بیروت (ڈیلی اردو) اسرائیلی جاسوس ڈرون طیاروں کی لبنانی فضائی حدود کی خلاف ورزی، لبنانی فوج کی فائرنگ سے ڈرون واپس لوٹ گئے۔
تفصیلات کے مطابق لبنانی فوج کا کہنا ہے کہ بدھ کے روز دو چھوٹے اسرائیلی ڈرون طیاروں نے لبنانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ فلسطین کے علاقے سے عديسة اور کفرکلا کے مقام پر لبنان میں داخل ہونے کی کوشش کی لبنانی فوج نے فوری کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دونوں ڈرون واپس لوٹ گئے۔
آنلائن نیوز ایجنسی کے مطابق لبنانی مسلح افواج کا کہنا ہے کہ “پہلا اسرائیلی جاسوس ڈرون طیارے نے شام تقریباً ساڑھے آٹھ بجے مقبوضہ فلسطینی علاقے سے عديسة میں فوجی تنصیاب کی جانب اڑان بھری جس پر فوج نےفوری کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کی اور جاسوس طیارے کوواپس جانے پر مجبور کردیا۔
دوسرا اسرائیلی جاسوس طیارہ بھی مقبوضہ فلسطین کے علاقے سے لبنانی شہر کفرکلا میں داخل ہوا یہاں بھی فوری فوجی کارروائی نے طیارے کو واپس جانے پر مجبور کردیا۔
واضح رہے کہ لبنانی آرمی کے پاس اس نوعیت کے ریڈار نہیں ہیں جو اس طرح کے ڈرون کا پتہ لگا سکیں اس لئے احکامات ہیں کہ انسانی آنکھ سے نظر آنے والے کسی بھی ڈرون جو لبنانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرے اس کو فوراً گرانے کی کارروائی کی جائے۔