کابل (ویب ڈیسک) افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ نے کہا ہے کہ امریکا سے حالیہ مذاکرات کا دور کامیابی سے مکمل ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق طالبان ترجمان ذبیح اللہ کہتے ہیں امریکا سے حالیہ مذاکرات کا دور کامیابی سے مکمل ہو گیا، امریکی ٹیم سے آج تکنیکی معاملات پر بات ہونی ہے۔
طالبان ترجمان نے کہا کہ افغان مسئلے کے پر امن حل کے لیے مکمل تعاون کریں گے۔
واضح رہے کہ دوسری طرف امریکی نمایندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد نے بھی کہا تھا کہ امریکا افغانستان میں طالبان کے ساتھ امن معاہدے کے قریب ہے۔
زلمے خلیل نے کہا کہ خود مختار افغانستان امریکا یا کسی بھی ملک کے لیے خطرہ نہیں ہوگا، یہ بات انھوں نے ٹویٹر پر کہی، ان کا کہنا تھا کہ معاہدے سے افغانستان میں پر تشدد کاروائیوں میں کمی آئے گی اور پائیدار امن اور بات چیت کا دروازہ کھلے گا۔
انھوں نے کہا تھا کہ افغان امن پر امریکا اور طالبان مذاکرات کا 9 واں دور مکمل ہو گیا ہے، اب مشاورت کے لیے آج کابل روانہ ہو رہا ہوں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز زلمے خلیل زاد نے افغانستان میں امریکی افواج اور طالبان کے مابین جنگ بندی کے تناظر میں کہا تھا کہ جب سارے فریق متفق ہوں گے تو جنگ ختم ہو جائے گی، ہم تشدد میں کمی اور امن کے حصول کی واحد عملی راہ پر گامزن ہیں۔