لبنان اسرائیل کشیدگی: حزب اللہ کا اسرائیلی ملٹری بیس پر حملہ، فوجیوں کی ہلاکتیں

بیروت + یروشلم (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) لبنانی تنظیم حزب اللہ کی جانب سے اسرائیلی فوجیوں پر حملے کے بعد اسرائیل اور لبنان کے درمیان کشیدگی شدت اختیار کرگئی۔

تفصیلات کے مطابق حزب اللہ نے اسرائیل کے شمالی علاقے میں اسرائیلی ملٹری بیس پر ٹینک شکن میزائل فائر کیے، جس کے باعث متعدد فوجیوں کی ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حزب اللہ نے دعویٰ کیا کہ میزائل حملوں میں اسرائیلی ٹینک تباہ اور اس میں سوار اسرائیلی فوجیوں ہلاک ہوئے ہیں تاہم اسرائیل نے اس دعوے کی تردید کی ہے۔

اسرائیل کے فوجی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اُس کے ایک فوجی اڈے اور فوجی گاڑیوں کی جانب راکٹ داغے گئے ہیں اور سرحدی علاقے میں واقع فوجی اڈے پر دو سے تین ٹینک شکن میزائل گرے ہیں۔

حزب اللہ کے حملے کے بعد اسرائیل نے جوابی کارروائی میں جنوبی لبنان میں گولہ باری کی ہے اور اس کا کہنا ہے کہ اس نے 100 کے قریب گولے داغے ہیں اور اس کارروائی میں حزب اللہ کی عسکری ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نتن یاہو نے صحافیوں کو بتایا کہ حملے میں کوئی اسرائیلی زخمی یا ہلاک نہیں ہوا ہے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان کی جانب سے ٹوئٹر پر شائع کردہ پیغام میں بھی کہا گیا ہے کہ لبنانی سرحد پر حزب اللہ کی کارروائی میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔

حزب اللہ نے اس حملے میں ایک ٹینک کی تباہی اور اس پر سوار فوجیوں کو ہلاک اور زخمی کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

دونوں ممالک کے درمیان انتہائی سنگین صورت حال ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی ڈرون لبنانی سرحدوں پر اڑان کرتے دیکھے گئے ہیں۔

گذشتہ دنوں جنوبی لبنان کے اطراف اسرائیلی ڈرون طیاروں نے فضائی حدود کی خلاف ورزی کی جس پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے لبنانی فوج نے جاسوس طیاروں کو بھاگنے پر مجبور کردیا تھا۔

بعد ازاں لبنان کی اعلیٰ دفاعی کونسل نے اسرائیلی فوج کے جنوبی لبنان میں ڈورن حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ لبنان اپنے دفاع کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کا بھرپور حق ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے اسرائیل نے لبنان کے جنوب میں حزب اللہ کے مراکز پر ڈرون حملے کیے تھے جن میں تنظیم کے مراکز کو نقصان پہنچایا گیا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں