اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن جادھو کو قونصلر رسائی دے دی ہے اور اس کی بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر سے 2 گھنٹے سے زائد دورانیے کی ملاقات ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق انڈین ڈپٹی ہائی کمشنر گورو آہلووالیا کی دہشتگردی اور دیگر جرائم میں ملوث بھارتی جاسوس کلبھوشن جادھو سے ملاقات ختم ہو گئی۔ پاکستان نے ویانا کنونشن اور عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے کلبھوشن جادیو کو قونصلر رسائی دی۔
ذرائع کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے حاضر سروس ایجنٹ کمانڈر کلبھوشن جادھو کو بھارتی قونصلر تک رسائی دے دی ہے۔ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر کلبھوشن کی بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر سے ملاقات خفیہ مقام پر کرائی گئی۔ اس ملاقات میں پاکستان کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل بھارتی امور فریحہ بگٹی بھی موجود تھیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ پاکستان عالمی عدالت انصاف کے فیصلوں پر عمل کرنے کا پابند ہے اور بھارتی جاسوس کلبھوشن جادھو کو 2 ستمبر کو قونصلر رسائی دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ آج پوری قوم عمران خان کی کشمیر کی آواز پر یکجا ہے، کشمیر آور میں پوری قوم نے ہمارا ساتھ دیا، ہماری کوشش ہےکہ فوری طور پر مقبوضہ کشمیر سےکرفیو اٹھایا جائے۔
‘کلبھوشن کو پاکستان میں ہی رکھا جائے گا، ملکی قوانین کے مطابق برتاؤ ہوگا’
ان کا کہنا ہے کہ جنگ آخری آپشن ہوتاہے اور کوئی باشعور ملک یا طبقہ جنگ سےگفتگو کا آغاز نہیں کرتا، ہم پرامن ملک ہیں۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، جنگ مسلط کی تو اپنے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، مجھے مذاکرات کا کوئی ماحول دکھائی نہیں دے رہا۔
ترجمان دفتر خارجہ کی بھارتی جاسوس کو قونصلر رسائی کی تصدیق
ترجمان دفتر خارجہ نے بھی بھارتی جاسوس اور دہشت گرد کلبھوشن جادھو کو قونصلر رسائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کلبھوشن کو ویانا کنونشن، عالمی عدالت انصاف کے فیصلے اور پاکستانی قوانین کے مطابق 2 ستمبر کو قونصلر رسائی دی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کلبوشن جادھو پاکستان میں جاسوسی اور دہشت گردی کرنے پر حراست میں ہے۔
یاد رہے کہ رواں سال 17 جولائی کو عالمی عدالت انصاف نے پاکستان سے گرفتار ہونے والے بھارتی جاسوس کلبھوشن جادھو کی بریت کی بھارتی درخواست مسترد کردی تھی۔
ہٹ دھرم بھارت کا کلبھوشن تک قونصلر رسائی کی مخلصانہ پاکستانی پیشکش ماننے سے انکار
عالمی عدالت انصاف نے کلبھوشن کی رہائی اور بھارت واپسی کی بھارتی درخواست بھی مسترد کی تھی جبکہ کلبھوشن کی پاکستان کی فوجی عدالت سے سزا ختم کرنے کی بھارتی درخواست بھی رد کردی گئی تھی۔
عالمی عدالت انصاف نے پاکستان سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ کلبھوشن کو قونصلر رسائی دے اور اسے دی جانے والی سزا پر نظر ثانی کرے۔
اس فیصلے کے بعد پاکستان نے بھارت کو کلبھوشن جادھو تک قونصلر رسائی کی مخلصانہ پیش کش کی تھی لیکن ہٹ دھرم بھارت نے اس پیش کش کو مسترد کردیا تھا۔
کلبھوشن جادھو کیس— کب کیا ہوا؟
3 مارچ 2016 کو پاکستان نے ملک میں دہشتگردوں کے نیٹ ورک کیخلاف ایک اہم کامیابی حاصل کرنے کا اعلان کیا اور بھارتی جاسوس کلبھوشن جادھو کو ایران کے سرحد ی علاقے ساروان سے پاکستانی صوبے بلوچستان کے علاقے مشاخیل میں داخل ہوتے ہوئے گرفتار کیا۔بھارتی جاسوس کے قبضے سے پاسپورٹ ، مختلف دستاویزات، نقشے اور حساس آلات برآمد ہو ئے۔
ابتدائی تفتیش میں بھارتی جاسوس نے اعتراف کیا کہ وہ انڈین نیوی میں حاضر سروس کمانڈر رینک کا افسر ہے اور 2013 سے خفیہ ایجنسی ‘را’ کیلئے کام کررہا ہے جبکہ پاکستان میں فرقہ وارانہ فسادات کروانے، بلوچستان اور کراچی کو پاکستان سے علیحدہ کرنا اس کا اہم مشن تھا۔
بھارتی جاسوس چابہار میں مسلم شناخت کے ساتھ بطور بزنس مین کام کررہا تھا اور 2003 ، 2004 میں کراچی بھی آیا جبکہ بلوچستان اور کراچی میں دہشتگردی کی کئی وارداتوں میں بھی اس کے نیٹ ورک کا ہاتھ تھا۔
24 مارچ 2016 کو پاکستان نے ابتدائی تحقیقات کے نتائج میڈیا کے سامنے رکھے، 25 مارچ 2016 کو پاکستان نے بھارتی سفیر کو طلب کر کے ‘را’ کے جاسوس کے غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہونے اور کراچی ، بلوچستان میں دہشت گردی میں ملوث ہونے پر باضابطہ احتجاج کیا۔ اسی روز پاکستان نے P5 اور یورپی یونین کو بھی کلبھوشن جادھو کے معاملے پر بریف کیا۔
29 مارچ 2016 کو کلبھوشن جادھو کے اعترافی بیان کی ویڈیو جاری کی گئی، 8 اپریل 2016 کو ابتدائی ایف آئی آر سی ٹی ڈی کوئٹہ میں درج کی گئی جس کے بعد باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔
2 مئی 2016 سے 22 مئی 2016 تک بھارتی جاسوس سے تفتیش کی گئی جبکہ 12 جولائی 2016 کو جے آئی ٹی کی تشکیل ہوئی۔
22 جولائی 2016 کو کلبھوشن جادھو نے مجسٹریٹ کے سامنے اپنا اعترافی بیان ریکارڈ کروایا۔ 6 ستمبر 2016 کو کلبھوشن کے مجسٹریٹ کے سامنے اعترافی بیان کی روشنی میں اس کی معاونت کرنے والے 15افراد کے خلاف سی ٹی ڈی کوئٹہ میں دوسری ایف آئی آر درج کی گئی۔
21 ستمبر 2016 کو کلبھوشن جادھو کیخلاف ملٹری کورٹ میں کارروائی کا آغاز کیا گیا۔ 24 ستمبر کو شہادتیں ریکارڈ کی گئیں جس کے بعد تین سے زائد سماعتیں ہوئی جس میں چوتھی سماعت 12 فروری 2017 کوہوئی۔
23 جنوری 2017 کو پاکستان نے کلبھوشن کیس میں تحقیقات کیلئے بھارتی حکومت سے معاونت کی درخواست کی۔
21 مارچ 2017 کو پاکستان نے بھارت سے تحقیقات میں معاونت کا مؤقف ایک بار پھر دہرایا اور یہ واضح کیا کہ کلبھوشن جادھو تک کونسلر رسائی کیلئے معلومات کا تبادلہ ضروری ہے۔
10 اپریل 2017 کو ملٹری کورٹ نے کلبھوشن جادھو کے پاکستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے جرم میں سزائے موت کا حکم دیا جس کی توثیق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کی۔
بھارت کی جانب سے عالمی عدالت میں معاملہ لے جانے کے سبب کلبھوشن کی سزا پر عمل درآمد روک دیا گیا ہے۔
پاکستان نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر 25 دسمبر 2017 کو کلبھوشن جادھو کی اہلیہ اور والدہ سے ملاقات کرائی جب کہ اس ملاقات میں کلبھوشن نے والدہ اور اہلیہ کے سامنے جاسوسی کا اعتراف کیا۔