پاک بھارت کشیدگی: سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ آج پاکستان پہنچیں گے

اسلام آباد (ڈیلی اردو) پاکستان کے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے  خلاف شدید احتجاج کے بعد سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات مسئلہ کشمیر پر متحرک ہوگئے ہیں اور اس سلسلے میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ آج پاکستان پہنچیں گے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر (آج) بدھ کو ایک روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔

سعودی سفارت خانے کے مطابق عادل الجبیر دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقاتیں کریں گے جب کہ وزیر مملکت برائے خارجہ کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات ہوگی۔

سعودی سفارت خانے کا بتانا ہے کہ ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات پرتبادلہ خیال ہوگا۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ عبداﷲ بن زید بن سلطان  النہیان بھی (آج) بدھ کو پاکستان پہنچیں گے یہاں پر وہ وزیراعظم عمران خان اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سمیت   پاکستان کی اعلیٰ سے ملاقاتیں  کریں  گئے جس میں وہ بھارت کی مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد مقبوضہ وادی  کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کریں  گے۔

پاکستان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد دونوں وزرا خارجہ بھارت جائیں گے جہاں پر وہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور اعلیٰ بھارتی قیادت سے ملاقات کریں گے جس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر گفتگو کی جائے گی۔

واضح رہے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے دنیا کو آگاہ کرنے کے لئے وزیراعظم عمران خان کا عالمی رہنما وں سے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے، وزیراعظم عمران خان کا سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا، دونوں رہنماوں کے درمیان ٹیلی فون پر 2 ہفتے میں تیسرا رابطہ کیا گیا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں