ریاض (ڈیلی اردو) سعودی عرب کی شاہی فضائیہ نے منگل کے روز یمن کی سرحد کے نزدیک واقع جنوبی شہر نجران کی فضا میں تین بیلسٹک میزائل مار گرائے ہیں۔
العربیہ نیوز ڈاٹ نیٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ انکو میزائلوں کا سراغ لگانے اور انھیں مارگرانے کے وقت کی تصاویر فراہم کی گئی ہیں۔ ان کا ملبہ گرنے سے معمولی نقصان ہوا ہے۔
قبل ازیں آج ہی عرب اتحاد نے حوثی ملیشیا کے سعودی عرب کی جانب چھوڑے گئے ایک ڈرون کو مار گرایا ہے۔ یہ بغیر پائیلٹ جاسوس طیارہ یمن کے صوبے عمران سے چھوڑا گیا تھا۔
عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں نے برسرزمین جنگ میں شکست سے دوچار ہونے کے بعد اب ڈرون اور میزائل حملے تیز کر دیے ہیں۔